ریاض،23جون(آئی این ایس انڈیا)سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سیکورٹی حکام کو مطلوب دہشت گرد عبدالرحیم الفرج بدھ کے روز ہلاک ہوگیا ہے۔وزارت داخلہ کے سیکورٹی ترجمان کے مطابق بدھ کی شام سات بجے کے قریب سیکورٹی فورسز کے اہل کاروں نے القطیف گورنریٹ کے قصبے العوامیہ میں عبدالرحیم الفرج اور اس کے بھائی ماجد الفرج کے گھر پر چھاپہ مارا۔ سیکورٹی حکام کو مطلوب دونوں افراد دہشت گردی سے متعلق متعدد جرائم میں ملوث تھے۔ ان میں سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر کے کئی اہل کاروں کو شہید کرنا، متعدد شہریوں اور عام املاک پر حملہ اور مسلح دھاوے کے جرائم کا ارتکاب شامل ہیں۔
تفتیشی عمل کے مکمل ہونے اور کئی عدد اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیے جانے کے بعد سیکورٹی اہل کاروں کو نامعلوم افراد کی جانب سے شدید فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ اس پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔ بعد ازاں ایک شخص کو العوامیہ کی ایک ڈسپنسری لایا گیا جو فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا تھا۔ تحقیقات کے بعد مذکورہ شخص کی شناخت سیکورٹی حکام کو مطلوب عبدالرحیم الفرج کے نام سے کرلی گئی۔وزارت داخلہ پہلے ہی خبردار کرچکی ہے کہ سیکورٹی حکام کو مطلوب دہشت گردوں کی کسی قسم کی معاونت نہ کی جائے۔ اس کے علاوہ تمام مطوب افراد پر ایک مرتبہ پھر زور دیا گیا ہے کہ وہ خود کو حکام کے حوالے کردیں۔